انتظامی نا اہلی سے نیاز اسٹیڈیم مسائل کا گڑ بن گیا،شاہد سومرو

276

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) نیو حدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدرآباد کے چیئرمین شاہد سومرو نے حکام بالا کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد میں کھیلوں کا واحد گراﺅنڈ نیاز اسٹیڈیم مسائل کا گڑھ بن گیا، نیاز اسٹیڈیم جس میں ماضی میں بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلے جاچکے ہیں، کافی عرصے سے انتظامیہ کی غفلت اور لاپروائی کے باعث زبوں حالی کا شکار ہے، اسٹیڈیم کے مین گیٹ پر مٹی اور کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، شاہراہ مرمتی کام ادھورا چھوڑنے کے باعث سڑک کھنڈر بنی ہوئی ہے، جگہ جگہ گھاس اگ آئی ہے۔ اسٹیڈیم کی دیواروں سے پلستر جھڑنے لگا ہے۔ اسٹیڈیم کی شاہراہ کی صفائی ستھرائی اور رات کو چوکیداری نظام بھی نہیں ہے۔ اسٹیڈیم کی گھاس کو پانی دینے والی ٹنکی کھلے ہونے کی وجہ سے علاقے کے بچے گرمی میں نہانے لگے جوکہ انسانی جان کے ضائع ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ اسٹیڈیم کی ایک طرف کا گیٹ بھی کوئی نکال کر لے گیا ہے۔ رات ہوتے ہی اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے سے چوری اور لوٹ مار کی وارداتیں ہونے لگی ہیں۔ اسٹیڈیم کے ساتھ سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس حیدرآباد کلب کو جانے والی مرکزی سڑک بھی برسوں سے کچی ہے، جس پر حیدرآباد کلب کی انتظامیہ مٹی ڈال کر کلب کے ممبران کی گاڑیوں کے آنے جانے کی سہولت فراہم کی ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث نیاز اسٹیڈیم تباہی کا شکار ہے۔ ضلعی انتظامیہ شجرکاری کی مہم کا آغاز نیاز اسٹیڈیم سے کرتے ہوئے مسائل حل کرنے سمیت اس کو خوبصورت بنانے میں کردار ادا کرے۔