ڈگری،سینیٹ میں پی پی رہنما کی کامیابی پر جیالوں میں خوشی کی لہر

147

ڈگری(نمائندہ جسارت)سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر ڈگری سب ڈویژن کے شہروں میں بھی پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کارکنوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔ جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی ضلع میرپورخاص سے آزاد رکن قومی اسمبلی سید علی نواز شاہ کی رہائش گاہ پر آمد اور ملاقات کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی کے بعد ضلع بھر کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ گزشتہ روزچیئرمین بلاول زرداری کے ہمراہ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی سید علی نواز شاہ سے ملاقات کی تھی۔ جس میں چیئرمین بلاول زرداری نے سید علی نواز شاہ سے سینیٹ انتخابات میں سید یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔اس ملاقات میں آزاد رکن قومی اسمبلی سید علی نواز شاہ نے سینیٹ انتخابات میں سیدیوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے یا نہ دینے کا جو بھی فیصلہ کیا ہو۔ اس ملاقات کا ضلع میرپورخاص کی سیاست پر ضرور گہرے اثرات مرتب ہوںگے۔ واضح رہے کہ سید علی نواز شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے ایم پی اے منتخب ہوتے رہے ہیں۔ اس بار پیپلز پارٹی نے انہیں انتخابات میں پارٹی ٹکٹ نہیں دیا تھا۔ جس پر سید علی نواز شاہ نے آزاد حیثیت سے ضلع میرپورخاص سے ایم این اے کی نشت پر کامیابی حاصل کرلی تھی۔ اور اس وقت وہ آزاد حیثیت سے حکومتی اتحاد میں تھے، اب بلاول زرداری کی ان سے ملاقات ضلع بھر کی سیاست کو ایک نیا رخ دے گی۔ سینیٹ انتخابات کے موقع پر بھی اسمبلی میں بلاول زرداری کی سید علی نواز شاہ سے ملاقات اور پھر نتائج نے سید علی نواز شاہ کی اہمیت کو بڑھا دیا ہے۔ اب ضلع کی سیاسی صورتحال میں بھی مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔