حکمرانوں نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی، نیلم کماری

142

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) غربت کا خاتمہ کرنے والوں نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی، موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، مسلم لیگ (ن) ملک کی واحد جماعت ہے جو ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) صوبہ سندھ کی نائب صدر نیلم کماری نے شجاع آباد پریس کلب میرواہ گورچانی کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میرپورخاص کے ضلعی صدر سید مظہر حسین شاہ، نائب صدر رانا نعمت علی راجپوت، میڈیا کوآرڈینیٹر کامران، تعلقہ شجاع آباد کے رہنما احسان آرائیں، محمد صدیق آرائیں، میرواہ گورچانی سٹی کے رہنما ریجو مل، عام آدمی پارٹی کے چیئرمین سید ضمیر الحق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا، بے امنی، بے روزگاری اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے، ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر بنانے کے دعویداروں نے عوام کو دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کردیا، غریب عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں، تبدیلی سرکار کو اب یوٹرن لینے نہیں دیں گے اب یوٹرن عوام لے گی۔