کندھکوٹ، جمعیت علماء اسلام کی مجلس عاملہ کا اجلاس

259

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) جمعیت علماء اسلام یوسی چار گولیمار کندھکوٹ کی مجلس عاملہ کا اجلاس، قاری عبید اللہ میرانی کی تلاوت، کلام پاک سے اور امیر قاری عبدالسمیع میرانی کی صدارت میں مسجد علی المرتضیٰ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے حکم پر 26 مارچ اسلام آباد مہنگائی لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں عوامی شرکت کو یقینی بنانا اور اس سلسلے میں بھرپور تیاری اور کندھکوٹ سٹی میں یوسی فور کی حدود میں تمام چوک چوراہوں پر پرچم نبوی لگائے جانے کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں رہنماؤں نے موجودہ وفاقی حکومت کی ناکام داخلہ اور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ملک میں بھوک وافلاس کے سبب غربت کی شرح میں اضافے پر آڑے ہاتھوں لیا۔ رہنمائوں نے اپنی تقاریر میں کہا کہ سابقہ حکومتوں میں غریب کو ایک وقت کی روٹی تو میسر تھی مگر اب اس حکومت میں غریب ایک وقت کے نوالے کے لیے ترس رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحفظ ختم نبوتؐ کے قانون پر کسی بھی قسم کی آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔ عمرانی حکومت قادیانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی مذمت کرتے ہیں اور خون کے آخری قطرے تک تحفظ ختم نبوتؐ قانون کی چوکیداری کریں گے۔ رہنمائوں نے نیازی حکومت کو ملک میں ریکارڈ اور تاریخی مہنگائی پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اجلاس میں قاری عبدالستار سمیجو، حاجی سعید احمد سبزوئی، استاد کمال قنبرانی، قاری عبدالصمد میرانی، ڈاکٹر غلام حسین کھوسہ، حاجی منظور احمد چاچڑ، استاد کریم بخش جعفری ویگر عہدیداروں نے شرکت کی۔