ایل او سی‘ متاثرہ آبادی کی بحالی کیلیے 3.6 ارب مالیت کا منصوبہ

420

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے وفاقی حکومت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر رہائش پذیر متاثرہ آبادی کی بحالی کے لیے شروع کیے گئے3.6 ارب مالیت کے پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ ایل او سی پر رہائش پذیر عوام سے اظہار یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی پرمقامی لوگ نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں اور پچھلی 7دہائیوں سے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا بڑے عزم و حوصلے کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں،جہاں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں مقامی لوگ بھارتی اشتعال انگیزی سے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت763 حفاظتی بنکرز تعمیر کیے جارہے ہیں جن میں سے512 بنکر ز پر کام تیزی سے جاری ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام کی حفاظت کے اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہو ں نے کہاکہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مالی مشکلات کے باوجود فنڈز دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو جلد سہولیات فراہم ہوسکیں۔