گلگت بلتستان : نذیر احمد ایڈووکیٹ اسمبلی کے اسپیکر منتخب

3131

گلگت: نذیر احمد ایڈووکیٹ گلگت بلتستان اسمبلی کے بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہو گئے۔

نئے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ سے جاوید منوا چیئرمین پینل نے حلف لیا۔ سابق اسپیکر سید امجد زیدی کے خلاف بدھ کے روز عدم اعتماد کی قرارداد پیش کی گئی تھی، ایوان میں قرارداد کے حق میں 21 ووٹ پڑے ایک ووٹ مخالفت میں پڑا۔

حکومت اور اس کے اتحادی اراکین اسمبلی نے عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا جس کے بعد نذیر احمد ایڈووکیٹ گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے۔

یاد رہے کہ پارٹی معاہدے کے تحت امجد زیدی نے ڈھائی سالہ مدت مکمل کرکے مستعفی ہونا تھا۔امجد زیدی کے مستعفی ہونے سے انکار پر تحریک عدم اعتماد لائی گئی۔