ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے ،خوف وہراس پھیل گیا

3595

اسلام آباد اورآزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے ،خوف وہراس پھیل گیا

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ،تفصیلات کے مطابق جمعہ اورہفتہ کے درمیانی شب ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں ملاکنڈ ،وادی نیلم ، شادرہ، دودنیال، تہجیاں اور متعدد علاقوں سمیت گلگت بلتستان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔رپورٹس میں بتایاگیاہے کہ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، مردان، سوات، دیر، مانسہرہ، بالاکوٹ، تورغر، گلگت، کوہستان، بالاکوٹ، وادی نیلن اور دیگر اضلاع میں محسوس کیےگئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی زیر زمین 100کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر ہے۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے افغانستان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدت والے تھے کہ شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور اس دوران مسلسل باآواز بلند کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ زلزلے کے باعث تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔