عوام کو حقوق ملنے تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی، لیاقت بلوچ

3245
stakeholders

گلگت : جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان کے آئینی اور سیاسی حقوق کے حصول کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی ہے جب تک یہاں کے عوام کو حقوق مل نہیں جاتے جماعت اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ گلگت کے دوران جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ روایتی پارٹیاں اور قیادت قومی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان جھوٹ بولنے کا مقابلہ جاری ہے جبکہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔

آئی ایم ایف جو حکم جاری کرتا ہے اسلام آباد میں بیٹھے حکمران تابعداری کررہے ہیں ،جس سے انتشار پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ عوام جماعت اسلامی پر اعتمادکریں تو ملک کو بحران سے نکالا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر قانون و نائب امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی گلگت بلتستان نظام الدین سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ فرقہ واریت کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان میں کردار ادا کیا ہے ۔ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،یہاں کے عوام اسلام پسند اور محب وطن ہیں جنہوں نے ہمیشہ وطن کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے یہ علاقہ مزید فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا اتحاد اور اتفاق میں ہی کامیابی ہے ملی یکجہتی کونسل پورے ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی ختم کرنے کے فعال کردار ادا کررہی ہے۔