جو عمران خان سے غداری کرے گا وہ ملکی سیاست میں نہیں رہ سکے گا، شیخ رشید

348
سیاسی دنگل میں اپوزیشن کو شکست ہوگی، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امید ہے ایم کیو ایم حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی، ہمیں ووٹ پورے ملیں گے، حفیظ شیخ سینیٹر منتخب ہوجائیں گے، کسی کی بھی حکومت ہو لیکن فوج کے ساتھ اچھے تعلقات سے ملک ترقی کرے گا،

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایجنسیوں کے بارے میں منفی باتیں کرتے ہیں، سول حکومت اور فوج کے اچھے تعلقات سے ملک کو فائدہ پہنچتا ہے، کسی کی بھی حکومت ہو لیکن فوج کے ساتھ اچھے تعلقات سے ملک ترقی کرے گا، پاکستان 2012 میں ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ تھا۔

انہوں نے وزارت داخلہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 27 میں 24 نکات کلیئر ہوگئے ہیں، وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان رواں برس دیگر 3نکات کی زد سے بھی نکل آئے گا اور فیٹف کا چکر ختم ہوجائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ عرب ممالک پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں جبکہ پاکستان کے زیر اہتمام کثیر الجہتی بحری مشقیں دراصل حکومت اور فوج کی کامیابی ہے، بھارت کے ساتھ پر امن تعلقات کے خواہش مند ہیں لیکن اس کے ضروری ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کیا جائے، مسئلہ کشمیر ایک طرف رکھ کر بھارت سے بات چیت ملک، قوم اور کشمیریوں کے ساتھ غداری ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 23 مارچ کو بڑی پریڈ ہوگی، پی ڈی ایم سے درخواست ہے کہ احتجاج کا وقت تبدیل کریں، وہ دو چار دنوں کے لیے احتجاج کو آگے لے جائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پنجاب میں سینیٹ الیکشن سے متعلق پروپیگنڈا ٹائیں ٹائیں فش ہوگیا، پاکستان تحریک انصاف میں کوئی پھوٹ نہیں ہے، میں صرف عمران خان کو پی ٹی آئی سمجھتا ہوں، جو عمران خان سے غداری کرے گا وہ ملکی سیاست میں نہیں رہ سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں حفیظ شیخ سینیٹ کا الیکشن جیتیں گے، چوروں اور لٹیروں نے معیشت کو تباہ کردیا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے تباہ ہوتی معیشت کو سنبھالا، امید ہے ایم کیو ایم حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی، ہمیں ووٹ پورے ملیں گے، حفیظ شیخ سینیٹر منتخب ہوجائیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اوپن بیلٹ سے متعلق  پیر کوعدالت کا فیصلہ آنے والا ہے پھر فیصلہ کرینگے پریس کانفرنس کرنی ہے یا نہیں۔