سینیٹ الیکشن اب کاروبار بن گیا ہے،اسد عمر

349
حیدرآباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پریس کانفرنس کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سینٹ کا انتخاب ایک گھناونا کاروبار بن کر سامنے آیا ہے ‘ووٹ کی خریداری کا بازار لگا ہوا ہے جو کہ ہم سب کے لیے باعث شرم ہے ‘ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو پہلے سے زیادہ پزیرائی ملی ہے ، پختونخوا میں ایک سیٹ پی ٹی آئی کی تھی وہ اسے ہی ملی، پنجاب میں دونوں سیٹ ن لیگ کی تھیں وہ انہیں ہی ملیں جبکہ وزیر آباد میں پی ٹی آئی کے ووٹرز میں اضافہ ہوا ہے، سندھ میں دونوں سیٹیں پی پی کی تھیںجو انہیں ملی ہیں ‘ پی تی آئی کی کارکردگی کی خرابی کا الزام غلط ہے ۔ ان خیالات کااظہار وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی‘ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین شیخ‘ صابر حسین قائم خانی‘ اراکین صوبائی اسمبلی راشد خلجی‘ ناصر قریشی‘ ندیم صدیقی ودیگر بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ اتحادی رابطے میں ہیں،سینیٹ کے انتخاب میں اپنے حصے کی تمام سیٹیں حاصل کریں گے ۔ حلیم عادل شیخ کو سندھ حکومت انتقامی کارروائی کا نشانہ بنارہی ہے کیونکہ وہ مراد علی شاہ اور سندھ حکومت کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی پی کا ووٹ بینک ذوالفقار علی بھٹو کی محبت کا نتیجہ تھا وہ اب ختم ہوچکا ۔وزیر اعظم نے ٹاسک دیا کہ کراچی کی طرح سندھ کے دیگر شہروں کے لیے پیکج تیار کیے جائیں اسی لیے زمینی حقائق کی روشنی میں مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں اور ترجیحات کا تعین کررہے ہیں رواں سال مارچ کے آخر میں وزیر اعظم خود سندھ آکر ان ترقیاتی پیکجز کا اعلان کریں گے ۔