جیکب آباد، مضر پانی کے استعمال سے امراض ہونے کی شکایات

287

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد کے شہریوں کی واٹر سپلائی کا پانی استعمال کرنے سے جلد کے امراض ہونے کی شکایات، ایم ایس ڈی پی نے ٹیسٹ کیلیے متاثرہ علاقوں سے پانی کے نمونے لیے، بیکٹیریا کی پانی میں موجودگی کی تصدیق، لیکج کی وجہ سے پانی میں بیکٹیریا ہوا، عملے کو لیکیج ختم کرنے کی ہدایت کی ہے، بابر سرکی اسسٹنٹ ڈائریکٹر۔ جیکب آباد کے شہریوں کو واٹر سپلائی سے فراہم کیے جانے والے پانی کے غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اے ڈی سی کالونی، پھول باغ، فیملی لائن کے مکینوں کے جلد کے امراض میں پانی کے استعمال سے مبتلا ہونے کی شکایات ملی ہیں، خارش اور پھنسی دانے ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین سخت پریشان ہیں، جس کے بعد ایم ایس ڈی پی کی ٹیم نے اے ڈی سی کالونی اور فیملی لائن کے گھر سے فراہم ہونے والے پانی کے نمونے لیے جس کی ٹیسٹ رپورٹ میں بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ایم ایس ڈی پی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بابر سرکی نے بتایا کہ پانی کی لائن میں لیکیج کی وجہ سے بیکٹیریا کی موجودگی کی ٹیسٹ رپورٹ آئی ہے، جس پر عملے کو متعلقہ علاقوں میں لیکیج ختم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔