میرپورخاص، گیس بحران شدت اختیار کرگیا ،کل احتجاج کا اعلان

150

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) شہر میں سوئی گیس کے بحران میں مزید شدت آگئی، افسران کی نااہلی کے باعث گیس بحران اور کم پریشر کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں ، سول سوسائٹی کی جانب سے 25 فروری کو شہر میں دھرنے کا اعلان ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران کی نااہلی کے باعث میرپورخاص شہر میں سوئی گیس کے بحران کا خاتمہ نہیں ہو سکا افسران کی جانب سے پیدا کردہ گیس کے بحران اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں سیٹلائٹ ٹائون ، ڈھولن آباد ، میر کا پلاٹ ، والکرٹ ، بھانسنگھ آباد ، کھارپاڑہ ، حمید پورہ کالونی ، ہیرآباد ، نائی پاڑہ ، تھامس آباد ، پاک کالونی ، غریب آباد ، میر کالونی ،پہنور کالونی اور گلشن کالونی سمیت شہر کے95 فیصد سے زائد علاقوں میں روزانہ 10 گھنٹے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے عوام سخت پریشانی اور مشکلات کا شکار ہیں ۔سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ،شہر میں سوئی گیس کے مصنوعی بحران ، لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس، کمیشن فار پیس اینڈ جسٹس ، سماجی رہنمائوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے 25 فروری کو میرواہ روڈ چاندنی چوک پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے انسانی حقوق کی تنظیم اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ سوئی گیس کے افسران عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں گزشتہ دو سالوں سے شہر کو گیس فراہم کرنے والی لائنو ںکو تبدیل کر کے گیس کے پریشر کو بڑھا یا گیا ہے لیکن اس کا فائدہ عوام کو نہیں بلکہ سی این جی اسٹیشنو ں کو دیا جا رہا ہے گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی افسران کو کئی بار شکایات کیں ہیں مگر کوئی شنوائی اور تدارک نہیں ہوا ہے جس پر احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔