ڈگری، دو گروپوں میں جھگڑا، خاتون سمیت تین افراد زخمی

99

ڈگری (نمائندہ جسارت) ڈگری کی مرچ منڈی میں دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا۔ لاٹھیاں اور ڈنڈے لگنے سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ ڈگری کی مرچ منڈی میں دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں لاٹھیاں اور ڈنڈے لگنے سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے، شدید زخمی خاتون آسیہ شیخ نے میڈیا نمائندگان کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ اسلم کورائی اور اس کے ساتھیوں نے نشے کی حالت میں میرے گھر میں گھس کر مجھ پر بے رحمانہ تشدد کیا اس دوران میرے کپڑے بھی پھٹ گئے۔ ڈنڈے اور لاٹھیوں کے وار کر کے میرا ہاتھ اور سر زخمی کردیا،میرے شوہر کو بھی تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔میرے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچے تھے انہوں نے معصوم بچوں پر بھی رحم نہ کھایا۔ متاثرہ خاتون نے حکام سے اپیل کی ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔ مجھ پر حملہ کرکے تشدد کرنے والے اسلم کورائی اور اس کے ساتھیوں کیخلاف قانونی کارروائی کرکے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی میرپور خاص فیصل بشیر میمن نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ڈگری آفتاب رند کو ہدایت کی ہے کہ اسلم ولد اسحاق کورائی، محمد سلیمان ولد گل ولی خان پٹھان، غلام مصطفی ولد غلام قادر شیخ کو فوری طور پر تحویل میں لے کر تفتیش کرکے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر متاثرہ خاندان کو انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔