بااثر وڈیرہ دیھ نورائی شریف میں زمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، متاثرین

249

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) گاؤں عبداللہ پنہور گاجا موری کے رہائشی افراد کا بااثر وڈیرے کیخلاف خواتین اور بچوں سمیت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، جعلی کھاتا بنا کر ہماری زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے، انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے، مظاہرین کا مطالبہ۔ گاؤں عبداللہ پنہور گاجا موری کے رہائشی افراد مختار علی پنہور، محمد ہاشم پنہور اور ساون پنہور نے خواتین اور بچوں سمیت بااثر وڈیرے اور زرعی زمین پر قبضے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ہماری 3 ایکڑ زرعی زمین دیھ نورائی شریف میں سروے نمبر 460 میں موجود ہے، جس پر بااثر وڈیرہ محمد حسن پنہور زبردستی قبضہ کرنا چاہتا ہے، جبکہ جعلسازی کے تحت بھاری رشوت دے کر بااثر وڈیرے نے تپیدار مصطفی عالمانی اور اس کے بیٹے مرتضیٰ عالمانی سے مل کر جعلی کاغذا ت بنا لیے اور اب ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے، ہماری زمینوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بااثر وڈیرے محمد حسن پنہور سے جان کا خطرہ ہے، ہمیں مسلسل جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ مظاہرین نے چیف جسٹس آف سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، کمشنر حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے اور بااثر وڈیرے محمد حسن پنہور کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔