علمی میدان میں مفتی عمر خلجی کی خدمات قابل تعریف ہیں، ابوالخیر زبیر

162

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے تقریب رونمائی بسلسلہ سندھی ترجمہ کنزالایمان وتفسیر نورالعرفان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علمی ،ادبی اورروحانی میدان میں ابوالشرف مفتی محمد عمرخلجی قادری کی بڑی خدمات ہیں آپ نے ترجمہ کنزالایمان اورحکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی کی تفسیر نورالعرفان کا سندھی زبان میں ترجمہ کرکے نادر علمی ذخیرے سے اہل علم کو فیضیاب کیا۔ آپ نے زبان کی باریکیوں کو سمجھتے ہوئے قرآن پاک کا سندھی زبان میںترجمہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ مفتی عمر خلجی کے فتوے علماکرام میں معتبر سمجھے جاتے ہیں آپ کی دینی، علمی اور افتاح کی کاوشیں بے مثال ہیں۔تقریب سے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نوراللہ نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مفتی محمد عمر خلجی قادری کی دینی ،علمی کاوشوں کوقبول فرمائے اور اس کا بہترین اجر عطا فرمائے۔ تقریب سے پیر غلام محمد مجددی،پیر محمد ایوب جان سرہندی،پیر اعجاز شیخ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔