مقبوضہ کشمیر‘ ایک درجن سے زاید کشمیری نوجوان گرفتار

230

سری نگر/ نئی دہلی (اے پی پی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج نے محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران ایک درجن سے زاید کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج نے بجبہارہ، شوپیاں اور پلوامہ کے علاقوں میں گرفتاریاں کیں۔ گرفتار نوجوانوں کے اہل خانہ نے صحافیوں کو بتایا کہ بھارتی فوج نے انہیں جھوٹے الزامات لگاکرگرفتارکیا ہے۔ ضلع کپواڑہ میں چیرکوٹ کے جنگلی علاقے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ کانگریس نے بی جے پی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کرانے کے لیے پارلیمنٹ کے جاری بجٹ اجلاس میں بل پیش کرے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ حکومت کو اب ایک بل لانا ہوگا اور جموں وکشمیر کی سابق ریاستی حیثیت کو بحال کرنا ہوگا جسے 5 اگست 2019 ء کو غیر منصفانہ طور پر ختم کیا گیا ہے۔