جیکب آباد، یوٹیلیٹی اسٹور پر سبسڈی والی اشیاء دوسری چیزیں خریدنے سے مشروط

110

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) یوٹیلیٹی اسٹور پر آٹے، گھی، چینی، دالیں و دیگر اشیاء پر دی گئی سبسڈی والی اشیاء اسٹور سے دوسری چیزیں خریدنے سے مشروط، مقامی رہنما سابق رکن شوریٰ جماعت اسلامی سعید سومرو کی قیادت میں غریب روز کمانے اور روز کھانے والے افراد کا بخاری چوک پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کرپٹ یوٹیلیٹی اسٹورز والے جیسے ہی رعایتی اشیاء والا اسٹاک ان کے اسٹور پر اترتا ہے، ویسے ہی اسٹور بند کردیتے ہیں اور اترنے والے سامان کو پہلے سے طے شدہ شہر میں دوسرے دکانداروں اور پارٹیوں کو ان کے بھیجے ہوئے چنگ چی رکشہ اور گدھا گاڑی والوں کو تقسیم کرنا شروع کردیتے ہیں۔ بعد ازاں جب اسٹور کھلنے پر غریب ضرورت مند عام افراد جاتے ہیں تو وہاں سبسڈی والی چیزیں بہت کم دستیاب ہوتی ہیں۔ دوسری جانب دیگر غیر ضروری مہنگا سامان خریدنے کی شرط پر دینے کا کہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سے مہنگائی اور بے روزگاری سے پسے ہوئے عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ عوامی حکومت کے دعویدار اور ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ان معاملات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان ظالموں کیخلاف کارروائی کریں۔