جمڑائو کا سیم نالہ گھاس کی وجہ سے بند ہوچکا، رئیس میر خان رند

267

کھڈرو (نمائندہ جسارت) سیم نالے کی صفائی نہ ہونے کیخلاف سیکڑوں آبادگاروں کا سانگھڑ نوابشاہ روڈ بلاک کرکے ذمے داران کیخلاف شدید احتجاج۔ سیم نالے کی صفائی کرانے کا مطالبہ۔ دیہہ ،20,16,17,18,19 جمڑائو کے سیکڑوں آبادگاروں نے رئیس میر خان رند، عبدالحسین جونیجو، نیاز جونیجو، کامریڈ ہینڈل خان خاصخیلی کی سربراہی میں سانگھڑ نواب شاہ روڈ پر واقعہ ایل ایل آئی 6 سیم نالے کی صفائی نہ ہونے کیخلاف اسکارپ کے اہلکاروں کیخلاف سخت احتجاج اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کافی سال سے مذکورہ سیم نالے کی صفائی نہیں ہورہی، پورا سیم نالا گھاس کی وجہ سے بند ہوچکا ہے، جس کے باعث ہماری زمینیں اور فصلیں تباہ ہورہی ہیں اور ہاری نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے گندم، سرسوں اور گنے کی لاکھوں روپے کی فصلیں تباہ اور بنجر ہوچکی ہیں۔ صفائی کی مد میں آنے والے پیسے اسکارپ کھاتے کے اہلکار ہڑپ کر جاتے ہیں۔ مظاہرین نے ڈی سی سانگھڑ سمیت متعلقہ تمام اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سیم نالے کی صفائی نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی اور صفائی کو یقینی بنا کر فصلوں اور آبادگاروں کو نقصان سے بچایا جائے۔