وزیر اعظم یکساں ترقی کیلیے اقدامات اٹھا رہے ہیں،صدر مملکت

477

گلگت (آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں صوبائی کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے گلگت بلتستان میں بننے والی نئی حکومت کو مبارکباد دی اور علاقے کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان انتہائی خوبصورت علاقہ ہے یہاں سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان گلگت ائر پورٹ کی توسیع کے حوالے سے ایک منصوبے پر غور کر رہے ہیں جس کا ڈرافٹ گلگت بلتستان حکومت سے شیئر کیا جائے گا۔صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پن بجلی کے علاوہ شمسی توانائی کے مواقع بھی موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19سے قبل گلگت بلتستان میں 20لاکھ سیاحوں کی آمد خوش آئند ہے۔ گلگت بلتستان میں تعلیم کی صورتحال ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت بہتر ہے ۔صدر مملکت کو اس موقع پر وزیر اعلیٰ خالد خورشید اور متعلقہ شعبوں کے سیکرٹریز نے گلگت بلتستان میں ترقیات معدنیات، صحت ، سیاحت اور دیگر شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔