کینیڈا میں انتقال کرجانیوالی کریمہ بلوچ کی میت پہنچ گئی

266

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کینیڈا میں خود ساختہ جلاوطنی کے دوران انتقال کر جانے بلوچ سیاسی رہنما کریمہ بلوچ کی میت اتوار کو کراچی پہنچ گئی لاش کوسخت حفاظتی اقدامات کے بعد اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی نگرانی حب کے راستے ان آبائی علاقے تمپ روانہ کردیا گیا تھا،کریمہ بلوچ کی موت گزشتہ سال دسمبر میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہوئی تھی ان کی لاش پانی سے ملی تھی۔ تاہم ٹورنٹو پولیس نے ان کی ہلاکت کے پیچھے کسی جرم کے امکان کو مسترد کیا تھا۔تاہم خاندان کے افراد نے یہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا،ان کی بہن ماہ گنج بلوچ نے بتایا کہ کریمہ کی میت ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کراچی پہنچی لیکن حکام نے چار گھنٹے کی تاخیر کے بعد اسے خاندان کے حوالے کیا جس کے بعد اب وہ تربت کی طرف روانہ ہوچکے ہیں۔ ماہ گنج بلوچ کے مطابق کہ میت کے ہمراہ سیکورٹی اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کریمہ بلوچ نے یہ وصیت کی تھی کہ ان کی تدفین بلوچستان میں کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وصیت کے مطابق کریمہ کی تدفین 25 جنوری کو ان کے آبائی علاقے تمپ میں کی جائے گی ماہ گنج بلوچ نے دعویٰ کیا کہ میت کو پہلے ان کے حوالے کرنے میں رکاوٹ ڈالی گئی اور یہ بتایا گیا کہ اسے ایک خصوصی طیارے میں تربت پہنچایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ خاندان کے افراد کے احتجاج پر میت کو چار گھنٹے بعد صبح سات بجے کے قریب حوالے کیا گیا ،لیکن ہمیں میت کو کراچی سے ہماری اپنی مرضی کے مطابق روٹس سے نہیں لے جانے دیا گیا‘ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے کراچی میں مختلف علاقوں میں میت کے استقبال کا پروگرام بنایا گیا تھالیکن ہمیں دیگر راستوں سے نکال کر بلوچستان کے علاقے حب پہنچایا گیا۔