سندھ میں گندم کی پیداوار اور کھپت کی تفصیلات طلب

125

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں آٹا، گندم کے بحران، اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف درخواست، عدالت نے سندھ میں گندم کی پیداوار اور کھپت کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔ سندھ ہائیکورٹ میں آٹا، گندم کے بحران، اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے نے محکمہ فوڈ کے وکیل سے کہا کہ آپ بار بار ہدایت کے باوجود تحریری جواب کیوں نہیں دیتے ؟اگر گندم کی قلت نہیں ہے تب بھی بتائیں ،عدالت نے سندھ میں گندم کی پیداوار اور کھپت کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔ آئندہ سماعت پر سیکرٹری فوڈ کو تفصیلات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان کے بعد آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے،آٹے کا موجودہ بحران مصنوعی طور پر پیدا کیا گیا،انکشاف ہوا ہے کہ 6 ماہ کے دوران آٹا بیرون ملک اسمگل ہوا،مصنوعی بحران پیدا کرکے مافیا نے اربوں روپے کمانے کا پلان بنایا،آٹے کے بحران پر حکومت قابو پانے میں ناکام ہوگئی،آٹے کے مصنوعی بحران پر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا جائے،گزشتہ 6 ماہ کے دوران آٹے کی اسمگلنگ کی تفصیلات طلب کی جائیں۔