نیب کو اپوزیشن کیخلا ف بطور ہتھیار استعمال کیا جارہا ہے ،سعید غنی

235

سکھر(نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے اور نیب ہتھیار ہے جو اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کاروائیاں کر رہا ہے،مخالف جماعتوں کے فیصلے دنوں میں جبکہ حکومتی اراکین کے فیصلے سالوں میں بھی نہیں ہورہے ،اگر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آتا ہے تو پی ٹی آئی ہی فارغ ہو جائیگی،اس فیصلے سے تمام وزرا، سینیٹرز اور وزیر اعظم نا اہل اور فارغ ہو جائیں گے ۔سکھر پریس کلب میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ 18 جنوری سے نویں دسویں گیارہویں اور بارہویں جماعت کی کلاسز ایس او پیز کے تحت کھل جائیں گے، جبکہ دیگر کلاسز یکم فروری سے کھلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مکمل کرپٹ ہے کیونکہ ان کے ٹکٹ بھی پیسوں میں بیچے جاتے ہیں، یہ مافیاؤں کی جماعت ہے،حیرانگی ہے کہ اسرائیلی اور بھارت سمیت غیر ملکی شہریوں کا کیا واسطہ ہے جو پاکستان کی جماعت کو فنڈ دیں تحریک انصاف عجیب جماعت ہے جس کو کوئی ہاتھ لگانے کو تیار نہیں،اب ہمارے لیے فارن فندڈنگ کیس کھولنے کی بات کی جا رہی ہے اس کے لیے ہم تیار ہیں۔