جیکب آباد، شہری کی عدم صفائی پر عدالت کی برہمی ، ایڈ منیسٹریٹر طلب

252

 

 

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) عدالت میں گندگی، پانی کی عدم فراہمی اور سیپکو کی واٹر سپلائی پر غیر قانونی کنڈوں کے متعلق درخواستوں پر سماعت، شہر میں صفائی نہ ہونے پر عدالت کا سخت برہمی کا اظہار، بلدیہ کی جانب سے مہلت طلب، واٹر سپلائی فیڈر پر غیر قانونی کنڈوں کو ختم نہ کرنے پر سیپکو حکام سے باز پرس، بلدیہ ایڈمنسٹریٹر اور ایکسیئن سیپکو کو شوکاز جاری، آئندہ عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کی تو کیس داخل کیا جائے گا، جج کے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس، بلدیہ ایڈمنسٹریٹر نے شہر میں گندگی کے خاتمے کے لیے مہلت مانگی ہے، ایڈووکیٹ زاہد حسین سومرو۔ جیکب آباد کے سول جج امتیاز لاکھیر کی عدالت میں جیکب آباد میں گندگی، پینے کے پانی کی عدم فراہمی، واٹر سپلائی فیڈر پر لوڈشیڈنگ کے متعلق داخل درخواستوں پر الگ الگ سماعت کی، جس میں بلدیہ جیکب آباد کے ایڈمنسٹریٹر ذوالفقار دائود پوٹو، سیپکو ایس ڈی او عاقل سرکی، ایم ایس ڈی پی حکام اور دیگر پیش ہوئے۔ عدالت نے جیکب آباد شہر میں گندگی کا خاتمہ نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا، جس پر بلدیہ ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ ہفتہ ہوا ہے چارج لیا ہے، ایک ماہ کی مہلت دی جائے، پورے شہر سے گندگی کا خاتمہ کرکے صفائی کرائی جائے گی۔ افضل کھوسو روڈ پر دو دن میں صفائی کرا کے رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی بلدیہ ایڈمنسٹریٹر نے یقین دہانی کرائی، جس پر کیس کی سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی گئی جبکہ ذوالفقار شاہ اور عبدالخالق کی درخواست پر واٹر سپلائی فیڈر پر غیر قانونی کنڈے ختم نہ کرنے پر سیپکو حکام سے باز پرس کی۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر بلدیہ ایڈمنسٹریٹر، سیپکو ایکسیئن اور ایس ایچ او مولا داد نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کی تو ان کیخلاف کیس داخل کیا جائے گا۔ بلدیہ ایڈمنسٹریٹر ذوالفقار علی نے عدالت کو بتایا کہ پانی کا منصوبہ بڑا ہے، ہمیں مکمل کرکے دیا جائے تو سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔ واٹر سپلائی پر غیر قانونی کنڈوں کے خاتمے کے لیے سیپکو ذمے داری نہیں لے رہی۔ بلدیہ خود مدعی بن کر واٹر سپلائی فیڈر پر غیر قانونی کنڈے لگانے والوں کیخلاف مقدمات درج کرائے گی جلد غیر قانونی کنڈوں کیخلاف آپریشن کیا جائے گا۔ جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔ اس سلسلے میں ایڈووکیٹ زاہد حسین سومرو نے بتایا کہ عدالت نے شہر میں گندگی کا خاتمہ نہ کرنے پر بلدیہ حکام پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ سیپکو حکام سے واٹر سپلائی فیڈر سے غیر قانونی کنڈے ختم نہ کرنے پر باز پرس کی، عدالتی حکم تعمیل نہ کرنے پر افسران کو کیس داخل کرنے کی وارننگ دی ہے۔ بلدیہ ایڈمنسٹریٹر اور ایکسیئن سیپکو کو عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر شوکاز بھی دیا گیا۔