ٹریفک حادثے و دیگر واقعات میں 2 خواتین سمیت5 جاں بحق

309

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کورنگی ناصر جمپ مزار کے قریب تیز رفتار گاڑی نے 50سالہ راہگیر خاتون سکینہ دلبرزوجہ اسلم خان کو کچل کر ہلاک کردیا نعش کو ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھر بوٹ بیسن سگنل کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا حادثے میں 30 سالہ شمیم زوجہ محمد امین جاں بحق جبکہ انکا شوہر 50 سالہ امین ولد مرزاخان اور 28سالہ خاتون صفیہ دخترمرزاخان زخمی ہوگئے ہلاک وزخمی ہونے والے افراد کو ایمبولنس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھرکینٹ اسٹیشن کے قریب عمارت سے پر اسرار طور پر گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیاجس کی لاش ایمبولنس میں جناح اسپتال منتقل کی گئی،متوفی کی شناخت 55سالہ گلشام داد کے نام سے ہوئی، پولیس کے مطابق خودکشی کاواقعہ معلوم ہوتاہے تاہم مزید تفتیشکی جارہی ہے۔پیر آباد کے علاقے میٹروول شہید قبرستان سے ایک شخص کی لاش ملی جیسے پولیس نے ایمبولنس میں سول اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق اسپتال میں متوفی کی شناخت 26سالہ لیاقت ولد خان زمان کے نام سے ہوئی، فوری طورپر وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد وجہ کا تعین ہوسکے گا ،قائدآباد پل کے نیچے سے 45سالہ نامعلوم شخص کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی،پولیس کے مطابق متوفی کی فوری طورپر شناخت اور وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی۔ علاوہ ازیںشاہ لطیف ٹاؤن میں گھر میں آتشزدگی کے پراسرار واقعے میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی اس حوالے سے ایس ایچ او عبیدخان نے بتایا کہ واقعہ سیکٹر 17 بی میں واقع مکان کے اندر پیش آیا تھا، جاں بحق ہونے والے کی شناخت 60 سالہ عباس کے نام سے ہوئی اور اس کے بیٹے نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس کا والد فالج کی وجہ سے چلنے پھرنے سے قاصر تھا جبکہ والد کو سردی سے بچانے کے لیے قریب گیس کا چولہا جلا کر باہر کھانا لینے گیا تھا جب واپس آیا تو والد آگ لگنے سے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے اور شبہ ہے کہ آگ بستر میں کسی وجہ سے لگی تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی دیگر پہلووں پر بھی تحقیقات کی جا رہی ہے۔