امریکی صدر کے خلاف مواخذے کی قرارداد منظور

416

امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی منظوری دے دی ہے.

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی، 232 ارکان نے امریکی صدر کے مواخذے کے حق میں ووٹ دیئے اور 197 ارکان کانگریس نے مواخذے کی مخالفت کی جبکہ ری پبلکن پارٹی کے 10 ارکان نے ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں ووٹ دیا.

ڈیمو کریٹس کی جانب سے پیش کیے گئے مواخذے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر شہریوں کو بغاوت کے لیے اکسانے کا الزام ہے جبکہ صدر ٹرمپ کیپٹل ہل مظاہرے پر سینیٹ میں ٹرائل کا سامنا کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے صدر ہیں جنہیں دوسری بار مواخذے کا سامنا ہوگا.

دوسری جانب اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں.

یاد رہے کہ رواں ہفتے پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے ڈیموکریٹس کی جانب سے ایوان نمائندگان میں دو قراردادیں پیش کی گئی تھیں.

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی نومنتخب صدرجوبائیڈن کی جیت کی توثیق کے بعد ڈونلڈٹرمپ کے حامی بے قابو ہوگئے تھے اور بڑی تعداد میں رکاوٹیں اور سیکیورٹی حصار توڑ کر امریکی پارلیمنٹ کی عمارت کیپٹل ہل میں لاٹھی ڈنڈے اور جھنڈے لیے ایوان میں گھس گئے تھے، توڑ پھوڑ اور پولیس سے جھڑپوں کے دوران 5 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔