تعلقات کی بحالی‘ مصر اور قطر میں قربتیں بڑھنے لگیں

365
دوحہ/ ریاض: سعودی پرواز کے مسافروں کا استقبال کیا جارہا ہے‘ 3برس بعد قطر سے رشتے داروں کی آمد پر شہری جذباتی نظرآ رہے ہیں

قاہرہ ؍ دوحہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی شہر العلا میں خلیج تعاون کونسل کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق قطر ائر لائن کو مصر آنے کی اجازت دینے کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ آیندہ چند روز کے دوران دونوں ممالک کے سفارتی اور سیکورٹی حکام کا اجلاس ہونے کے قوی امکان ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق چند ہفتوں کے دوران قطر، مصر میں کئی اقتصادی منصوبے شروع کرنے جا رہا ہے، جنہیں مکمل کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔ ان اقتصادی منصوبوں میں سرفہرست دیار کمپنی کو مصر میں سیٹی جیٹ تعمیراتی منصوبہ مکمل کرنے کی منظوری شامل ہے۔ دوسری جانب بحرین نے خلیجی ممالک میں مصالحت کے بعد قطری قیادت کو منامہ میں براہ راست مذاکرات کی دعوت دیدی ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ منامہ کی طرف سے قطری حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا وفد بحرین بھیجے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست بات چیت شروع کی جا سکے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان 2017ء سے شروع ہونے والے سفارتی تنازع کے بعد پہلی براہ راست پروازوں کا سلسلہ بھی بحال ہو چکا ہے اور پیر کے روز قطر کا ایک مسافر بردار طیارہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد ائرپورٹ پر اترا۔ یہ 3 برس میں دونوں خلیجی ممالک کے درمیان پہلی براہ راست پرواز تھی۔