کاہنہ: دو بہنوں کا اغواء کے بعد گلاکاٹ کر قتل، آئی جی پنجاب کا نوٹس

664

کاہنہ: لاہور کے علاقہ کاہنہ سے شادی شدہ دو بہنوں کی بوری بند لاشیں نالے سے ملیں ہیں، مقتولین کو اغوا کے بعد گلے کاٹ کرموت کے گھاٹ اتارا گیا جبکہ پولیس قاتلوں کو گرفتار کر نے میں ناکام اور نہ ہی قتل کی وجوہات سامنے آسکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کاہنہ میں دو بہنوں کو اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا، خواتین کی شناخت عابدہ اور ساجدہ کے نام سے ہوئی، دونوں بہنیں چھبیس نومبر کو کاہنہ سے اغواء ہوئیں ، لاشیں نالے سے دو روز قبل برآمد ہوئی تھیں ، دونوں بہنیں شادی شدہ ہیں انہیں گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 26 سالہ عابدہ اور 28 سالہ ساجدہ 26 نومبر کو بازار گئیں توواپس گھر نہ پہنچی جبکہ 12 دسمبر کو عابدہ اور 4 جنوری کو ساجدہ کی لاش نالے سے ملی ہے۔

پولیس رپورٹس کے مطابق قاتلوں نے دونوں کو ہاتھ پاؤں سے باندھ دیا گیا تھا اور ان کے گلے کاٹے گئے ہیں جبکہ ورثا کی جانب سے محلے دار نعیم پر قتل کا شبہ ظاہر کیا گیا، ملزم عبوری ضمانت کروا کرعدالت نہیں پہنچا اور فرار ہوگیا ہے اور ملزم کے ورثا بھی گھروں کو تالے لگا کر غائب ہیں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب نے کاہنہ لاہور میں دو بہنوں کے اغواء کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور آئی جی نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے اور  کہا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔