بحرین: فلسطینی مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی مصنوعات کی درآمدگی پر پابندی

635

بحرین کی صنعت، معیشت و سیاحت کے وزیر زید بن راشد نے کہا ہے کہ بحرین فلسطینی مقبوضہ علاقوں میں تیار کردہ اسرائیلی مصنوعات کو وصول نہیں کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی بی این اے کے مطابق بحرین مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں تیار کی جانے والی کسی بھی قسم کی اسرائیلی مصنوعات کی درآمدگی کی اجازت نہیں دے گا۔

اس سے قبل زید بن راشد کا یہ بیان میڈیا پر گشت کررہا تھا کہ انہوں نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں تیار کردہ مصنوعات اور دیگر مصنوعات میں کوئی بھی فرق کرنے سے انکار کردیا ہے تاہم وزارت کے ترجمان نے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر کے بیان کی غلط تشریح کی گئی۔

فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اپنے ہم منصب عبدالطیف کو کال کرکے زید بن راشد کے بیان کی تصدیق چاہی جس پر انہوں نے بھی مقبوضہ علاقوں کی اسرائیلی مصنوعات کی درآمدگی پر زید بن راشد کی اجازت سے متعلق بیان کو افواہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی پارلیمان نے ستمبر میں خلیجی ریاست بحرین کے ساتھ طے پائے جانے والے معاہدے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی پارلیمان میں ہونے والی رائے شماری میں 14 ارکان نے معاہدے کے خلاف اور 62 نے حمایت میں ووٹ ڈالا۔ اجلاس کے موقع پر صہیونی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں صورت حال تبدیل ہو رہی ہے اور آنے والے عرصے میں نئے معاہدوں پر دستخط کرنے کے قوی امکانات موجود ہیں۔

اسرائیل اور بحرین نے 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران دو طرفہ تعلقات کے اعلامیے پر دستخط کیے تھے۔