جو سرکاری ملازم غلط کام کرے گا اس کا تبادلہ نہیں نوکری سے فارغ کیا جائے گا، وزیراعظم

443

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں نیا سول سروسز قانون لارہے ہیں جن میں سرکاری ملازمین کو غلط کام کرنے پر اس کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا بلکہ نوکریوں سے نکالا جائے گا۔

سٹیزن پورٹل کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام سٹیزن پورٹل کا عملہ مبارکباد کا مستحق ہے جنہوں نے پاکستان کی نئی سوچ کو متعارف کیا ہے، سٹیزن پورٹل کو 30 لاکھ لوگوں نے استعمال کیا اور اس سے ان اداروں کا پتا چلا جو کہ کون کون سے ادارے کام نہیں کر رہے ہیں اور اس سے ایک بات کی بھی نشاندہی ہوئی ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کام نہیں کر رہا ہے جبکہ ہماری حکومت نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم لا رہی ہے، جس میں بڑے شہروں کی اپنی حکومت ہو گی اور شہروں کے تمام مسائل لوکل سسٹم کے تحت حل کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جو ہمارا اثاثہ ہیں، انہوں نے اس پورٹل کا بھرپور استعمال کیا، اور اپنی مشکلات بیان کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے کرپٹ افراد کی نشاندہی عوام کریں کیونکہ سندھ اور پنجاب میں سرکاری آفسز میں شکایات آرہی ہیں، شہریوں کیلئے بہترین طریقہ ہے کہ وہ اپنے مسئلے مسائل حکومت کو براہ راست بتا سکیں، اس پورٹل کے ذریعے حکومت کیلئے آسان ہو گا کہ کن کن اداروں کا احتساب کرنا ہے اور کن کو بونس دینا ہے جبکہ نیو سول سروسز قانون لا رہے ہیں جن میں لوگوں کو نوکریوں سے نکالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں حکومت کرنے والے خود کو مطلق العنان سمجھتے رہے ہیں اور اپنے لئے ایک رویہ تھا دوسروں کے ساتھ رویہ مختلف ہوتا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ سٹیزن پورٹل عوامی خدمت کی طرف پہلا قدم ہے، ریاست مدینہ میں عوام کی ذمہ داری ریاست نے لی تھی، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی خدمت کریں، حکومت کوئی احسان نہیں کرتی ہے۔