لاڑکانہ، نجی بینک فرنچائز کے عملے سمیت 5 افراد گرفتار

122

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) احساس کفالت پروگرام میں غریب مستحق خواتین کو دی جانے والی رقم میں خورد برد پر رینجرز اور پولیس کی کارروائی نجی بینک فرنچائز کے عملے سمیت 5 افراد گرفتار۔ لاڑکانہ میں احساس کفالت پروگرام کی جانب سے ڈی سی اسکول میں قائم احساس سینٹر میں نجی بینک فرنچائز کی جانب سے مستحق خواتین میں رقم تقسیم کرنے کا سلسلہ گزشتہ تین روز سے جاری تھا، تاہم عملے کی جانب سے خواتین کو 12 ہزار کی رقم کے بجائے مبینہ طور پر پانچ سو سے ایک ہزار روپے کٹوتی کرکے رقم دی جارہی تھی۔ بیشتر خواتین کی جانب سے شکایات سامنے آنے پر رینجرز اور پولیس نے متعلقہ سینٹر پر کارروائی کرکے فرنچائز مالک فیاض شیخ، رحیم بخش کورائی سمیت عملے کے 5 ملزمان کو گرفتار کر کے علی گوہر آباد تھانے پر کارروائی مقدمہ درج کرلیا، تاہم عملے کی گرفتاریوں کے بعد احساس کفالت سینٹر سے رقم کی ترسیل کا عمل بھی متاثر ہوا جبکہ پولیس کی جانب سے تمام خواتین کی کاٹی گئی رقم بھی واپس کروائی گئی۔ دوسری جانب سماجی رہنمائوں اور شہریوں نے احساس کفالت انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اس سے قبل بھی لاڑکانہ کے احساس سینٹرز پر خورد برد کی خبریں منظر عام پر آتی رہی ہیں لیکن احساس کفالت انتظامیہ کی جانب سے ایسے عناصر کیخلاف کبھی کوئی قانونی کارروائی سامنے نہیں آئی۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے احساس کفالت کے ذریعے مستحق خواتین میں رقم کی شفاف تقسیم و ترسیل کے دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر بیشتر مقامات سے اسی طرح کی افسوسناک صورتحال سامنے آتی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مستحقین کا حق کھانے والے ملزمان کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔