سکھر، پان ، گٹکا و مضر صحت اشیا کی کھلے عام فروخت جاری

239

 

سکھر (نمائندہ جسارت) شہر میں گٹگا، پان پراگ و مضر صحت اشیا کی کھلے عام فروخت کا سلسلہ جاری، شہری حلقوں میں تشویش کی لہر، نوجوان نسل کو سماجی برائیوں سے بچا کر ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے، حاجی شریف بندھانی و شہری حلقوں کا مطالبہ۔ سکھر اور اس کے گردونوح کے مختلف شہروں میں عدالتی احکامات کے باوجود پولیس کی سرپرستی میں مضر صحت اشیاء کی کھلے عام فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کی سرپرستی میں شہر میں مضر صحت اشیاء کی فروخت پر پابندی کے باوجود انسانی جانوں سے کھیلنے والے ملوث افراد پولیس کی سرپرستی میں اپنا گھناؤنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں نوجوان نسل کی تباہی کی ذمے دار پان پراگ، گٹگا، رجنی، ون ٹو ون، مین پوری و دیگر اشیاء کھلے عام فروخت ہورہی ہے جبکہ مضر صحت اشیاء کی فروخت پر پابندی کے باعث نوجوان نسل سے دوگنے دام وصول کرکے انہیں زہر فروخت کرنے میں مصروف ہیں لیکن انتظامیہ رشوت کے عوض خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے جو ملک کے مستقبل کے لیے تباہی بن سکتا ہے۔ راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر و چیف سردار حاجی محمد شریف بندھانی، جوائنٹ سیکرٹری عبدالغفار راجپوت، محمد فہیم بندھانی اور سکھر کے شہریوں سمیت سماجی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان، وزیر صحت، سیکرٹری صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سے شہر میں مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں سمیت ان کی سرپرستی کرنے والوں کیخلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔