حیدر آباد، سید ذوالفقار علی شاہ کی جبری گمشدگی کیخلاف ورثاء کا احتجاج

114

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سماجی تنظیم کے رہنما اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے سید ذوالفقار علی شاہ کی جبری گمشدگی کیخلاف ان کے ورثاء اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور بھوک ہڑتال کی۔ اس موقع پر پروفیسر امداد چانڈیو، ذوالفقار ہالیپوتہ، تاج جویو، ذالفقار شاہ کی زوجہ غلام فاطمہ، بہن صدف شاہ، ناہید شاہ و دیگر نے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ اہلیہ غلام فاطمہ نے الزام عائد کیا کہ 24 نومبر کو ذوالفقار شاہ اور میں انڈیا سے واہگاہ بارڈر کے ذریعے پاکستان آئے اور جیسے ہی بارڈر پر امیگریشن گیٹ کراس کیا، آٹھ سے دس سول کپڑوں میں ملبوس افراد نے آکر ایک کمرے میں چلنے کا کہا، ایک گھنٹے بعد انہوں نے کہا کہ ہم ایک گھنٹے بعد ذوالفقار شاہ کو چھوڑ دیں گے لیکن آج تک ذوالفقار کو آزاد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ذوالفقار شاہ کی بیماری کے سلسلے میں انڈیا گئے تھے وہ بیمار ہیں اور کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں۔ فاطمہ نے چیف جسٹس عدالت عظمیٰ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ ذوالفقار کی جبری گمشدگی کا نوٹس لیا جائے اور انصاف فراہم کرتے ہوئے آزاد کرایا جائے۔