ایس او پیز پر عمل کرکے ہی کورونا کی وبا سے بچا جاسکتا ہے، ظفر کمالی

159

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ایم کیو ایم پاکستان میرپور خاص ڈسٹرکٹ کے زیر اہتمام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لجسلیٹو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپرینسی (پلڈاٹ) کے تعاون سے مقامی لان میں کورونا وائرس کے مسائل پر مقامی پالیسی فورم کا انعقاد ہوا، جس کا مقصد عوام میں کورونا وائرس کے مسائل سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان، ڈاکٹرز، وکلاء، صحافی برادری اور تاجر انجمنوں کے نمائندوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر ظفر کمالی اور مشتاق ایاز نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے اموات کا تناسب صرف 2 فیصد ہے اور مروجہ ایس او پیز پر عمل کرکے ہی اس عالمی وبا سے بچا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر کورونا وائرس کے زرعی معیشت اور کاروبار ی سرگرمیوں پر اثرات، مزدور پیشہ اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کی امداد، مذہبی اقلیتوں کو کورونا کی وبا کے دوران درپیش مشکلات، امدادی سرگرمیوں اور متبادل بندوبست، طلبہ کودرپیش مشکلات اور کورونا سے متعلق عوامی مسائل سے نمٹنے کے لیے ممکنہ حکومتی اقدامات، مقامی حکومتوں کی ذمے داریوں اور مؤثر کردار سمیت دیگر امور زیر بحث آئے اور شرکاء سے آراء طلب کی گئیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان میرپور خاص ڈسٹرکٹ کے نگران انچارج خوشی محمد مغل، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی اور انچارج اے پی ایم ایس او میرپور خاص سیکٹر عظمت علی عابدی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ مباحثے کے اختتام پر شرکاء نے ایم کیو ایم پاکستان اور پلڈاٹ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور آگاہی پروگرام کے انعقاد کو حالیہ وبائی صورتحال میں اہم اقدام قرار دیا۔