میرپور خاص اور عمرکوٹ اضلاع کو ملانے والے دو پل ٹوٹ گئے ، شہری پریشان

200

 

جھڈو (نمائندہ جسارت) میرپور خاص اور عمرکوٹ اضلاع کو ملانے والے دو پل نفیس نگر کے قریب ٹوٹ گئے، مریضوں کو اسپتال پہنچنے اور کاشتکاروں کو فصل منڈی تک پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا، اہل علاقہ کا پلوں کی فوری تعمیر کا مطالبہ۔ نفیس نگر سے ٹالہی کی جانب جانے والے قدیم اور معروف راستے کے دو انتہائی اہم پل گزشتہ کئی ماہ سے ٹوٹے ہوئے ہیں جس سے دو اہم سرحدی اضلاع میرپور خاص اور عمرکوٹ کی دو تحصیلوں کنری اور جھڈو کے مابین زمینی راستہ منقطع ہونے سے اہل علاقہ اور مسافر حضرات کو آمدو رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پل ٹوٹنے سے ان کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے، کیونکہ متبادل کے طور پر جو راستہ اختیار کیا جاتا ہے، وہ غیر ضروری طور پر طویل اور دشوار گزار ہے جبکہ نوکوٹ سے تعلقہ کنری اور عمرکوٹ اور ٹالہی سے نوکوٹ اور جھڈو تحصیل آنے اور جانے والے مسافر گزشتہ کئی ماہ سے پل ٹوٹل جانے سے عذاب میں مبتلا ہیں، کیونکہ نفیس نگر سے براستہ ٹالہی عمرکوٹ کو ملانے والی یہ اہم شاہراہ ہے، علاقے کے کاشتکاروں، مزدورں اور عام افراد کا کہنا ہے کہ انہیں مریضوں کو اسپتال لے جانے اور کاشتکاروں کو اپنی اجناس اور سبزیاں مارکیٹ تک پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ راستہ پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر خستہ حال بن چکا ہے اب دو پل ٹوٹ جانے سے صورت حال مزید سنگین ہوگئی ہے جبکہ اس علاقے کو ترقیاتی فنڈ دینے میں بھی بہت بری طرح سے نظر انداز کیا گیا ہے۔ علاقے کونسلر سیف اللہ خان اور کاشتکار ولی محمد گورگیج نے بتایا کہ کئی مرتبہ ہائی وے کے حکام سے ملاقات کرکے سڑک کی تعمیر کے لیے کہا گیا ہے لیکن تاحال سڑک کی تعمیر اور مرمت کا کام شروع نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سڑک اور پلوں کی تعمیر ومرمت کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔.