سندھ میں دھونس اور رشوت کا بازار گرم ہے ،حلیم عادل شیخ

497

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاکہ صوبہ سندھ میں دھونس، رشوت کا بازار گرم ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عبداللہ بجاری کی گرفتاری کے احکامات دے کر تحقیقات کروائیں، نعمان رشید حیدرآباد میں رہتے تھے، کہیں نوگو ایریا میں نہیں۔ ان خیالات کااظہار وہ گزشتہ دنوں لیاقت کالونی حیدرآباد میں خود کشی کرنے والے بلڈر نعمان رشید کے گھر پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ نعمان رشید کی خودکشی کا معاملا سوشل میڈیا سے پتہ چلا جس کے قتل کی وجہ عبداللہ بجاری ہے، میں اس کے حوالے سے ہر چیز پر جاسکتا ہوں اور بتاسکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ بجاری نعمان سے وڈیو میں کہتا ہے کہ تھرڈ ڈگری کروں گا، ایس ایچ او، ڈی ایس پی اور ایس پی لگواتا ہوں جبکہ عبداللہ بجاری اکاؤنٹس آفیسر ہے، اس کے پاس اتنے اختیارات کہاں سے آئے۔ حلیم عادل نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ عبداللہ بجاری کے پیچھے سلیم بجاری کھڑا ہے جس کیخلاف اثاثوں کی چھان بین کی درخواست ایف آئی اے اور نیب کو دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عبداللہ بجاری کو فوری طور پر گرفتار کرکے ان کیخلاف نیب میں تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایس ایس پیز کے تقرر و تبادلے لین دین پر ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بیٹھے فرخ بشیر ایس ایس پیز کے تبادلے کراتے ہیں۔ انہوں نے نعمان رشید کے بھائی سے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں کہ آپ کے بھائی کو نہیں بچاسکے۔ نعمان رشید کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہم سے رابطہ نہیں کیا، ہم آج بھی ایف آئی آر کٹوانا چاہتے ہیں، ہم تو پہلے دن سے تھانوں کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن پولیس ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔