شکارپور میں ڈکیتیاں اور غیر قانونی قبضے معمول بن گئے، آغا تیمور

488

شکارپور (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بڑھتی ہوئی بے امنی اور قبضہ گیری کیخلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر آغا تیمور خان کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بڑھتی ہوئی بے امنی اور قبضہ گیری کیخلاف احتجاجی ریلی۔ پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر آغا تیمور خان پٹھان کی رہائش گاہ آغا ہاؤس شکارپور سے پریس کلب تک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پاکستان تحریک انصاف ضلع شکارپور کے صدر آغا عبدالقادر پٹھان، آغا شمس پٹھان، سنی سنجرانی نے کی ریلی مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی۔ ریلی میں ڈاکٹر عامر عباس، ایڈووکیٹ آفتاب احمد سومرو، آغا رفیع اللہ خان، عبدالغنی جکھرو، عبدالغفار میمن، حسین بخش بروہی، فرحان حسین لوڈرو اور دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر ریلی اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ ضلع میں لوٹ مار، قبائلی تصادم، قتل، ڈکیتیاں اور غیر قانونی قبضے معمول بن گئے ہیں۔ جرائم پیشہ افراد اور قبضہ گروپوں نے شہریوں کا جینا حرام کردیا ہے۔ ضلع میں امن و امان کی بہتری کے بجائے پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ دن دہاڑے شہر میں ڈاکے ڈالے جارہے ہیں۔ شہریوں کو لوٹا جارہا ہے اور موٹر سائیکلیں چھینی جارہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس امن و امان کو بحال کرے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔