فائرنگ کے واقعات میں بچے سمیت 3 افراد زخمی

84

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں معصوم بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ تھانے کی حدود لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب فائرنگ کے پراسرار واقعے میں ایک سال کا بچہ احمد ولد در محمد شدید زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ بچے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ نیپئر کے علاقے پرانا حاجی کمپ ٹمبر مارکیٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے38 سالہ وسیم ولد دلداد کو زخمی کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا ہے ، مضروب کو ایک گولی دائیں ٹانگ میں لگی ہے۔منگھوپیر کے علاقے اورنگی ٹاؤن اجتماع گاہ رمضان گوٹھ کے قریب نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے چھینا جھپٹی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 18 سالہ سرور ولد امین کو زخمی کردیا۔