میرپورخاص،انتظامی نااہلی ٹوٹی ہوئی سڑکوں پر مٹی ڈال کر گڑھوں کو بند کردیا

257

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) سندھ کے چوتھے بڑے شہر میرپور خاص کی سڑکیں تباہ حال، انتظامیہ کی عجیب منطق، ٹوٹی سڑکوں کو مٹی ڈال کر گڑھوں کو پُر کردیا گیا، مٹی کی وجہ سے دن بھر اڑنے والی مٹی شہریوں کومختلف بیماریوں میں مبتلا کرنے لگی۔ میرپور خاص کی سڑکیں جو پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں، رہی سہی کسرگزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارشوں نے پوری کردی جس سے شہر کی اہم شاہراہیں اور مختلف علاقوں کے گلی محلوں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی تھیں۔ کروڑوں روپے کا فنڈ رکھنے والے سندھ کی مال دار میونسپل کمیٹی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی مرکزی شاہراہوں کو پختہ کرنے کے بجائے عجیب منطق کا استعمال کرتے ہوئے ٹوٹی سڑکوں کو مٹی سے بھردیا گیا اور اب مٹی کی وجہ سے پورا شہر گرد آلود ہے اور گردآلود مٹی شہریوں کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں ہے۔ گرد آلود مٹی شہریوں کی سانس کی نالیوں میں داخل ہو کر ان کو سانس کے علاوہ دیگر بیماریوں میں مبتلا کررہی ہیں۔ شہری کورونا وائرس کے خوف سے ماسک کا استعمال کم جبکہ اس مٹی سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال زیادہ کررہے ہیں۔ شہریوں نے حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پورے شہر کی شاہراہوں سے مٹی صاف کر کے ان کی تعمیر کی جائے جبکہ شہر کے تمام رہائشی علاقوں کی گلیوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے چھٹکارا مل سکے اور وہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔