وفاق کے سوفٹ ویئر میں سندھ کی گندم پھنس گئی ہے،ناصر شاہ

97

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر شبلی فراز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا سونامی چل رہا ہے اورشبلی فراز کے سوفٹ ویئر میں سندھ کی گندم پھنس گئی ہے۔ہم روز کہتے ہیں آٹا مہنگا پورے ملک میں ہے، اس کی وجہ پنجاب نے جادوگری کرکے گندم غائب کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب سے کیوں نہیں پوچھتی کہ ان کی گندم کہاں گئی؟ سندھ حکومت نے سندھ میں آٹا قیمتوں کو کنٹرول کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شبلی فراز صاحب آپ ٹیکسز کم کرو، پیٹرول کی قیمت کم کرو، بجلی سستی کرو قیمتیں کم ہوجائیں گی، آپ آئی ایم ایف کا ایجنڈا بند کرکے عوام کا ایجنڈا اپناؤ سب ٹھیک ہوجائے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گندم کی پنجاب سے اسمگلنگ کو پی ٹی آئی حکومت روک نہیں سکتی، آپ کے الزامات سندھ حکومت پر افسوس ہے۔