مہنگائی کو اپوزیشن پرڈالنانااہلی کی انتہا ہے‘کاشف شیخ

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا مہنگائی کم کرنے کے بجائے اپوزیشن کی سازش قرار دینا نااہلی کی انتہا ہے، عمران خان کی تبدیلی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، وزیراعظم اپنی ناکامی کو اپوزیشن کے کھاتے میں ڈالکر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریوں میں بہتری کے اثرات عوام تک جلد پہنچنے کا لولی پوپ اب نہیں چلے گا۔ نئے پاکستان کی دعویدار حکومت نے مہنگائی، بیروزگاری، بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔ چینی، آٹے کی درآمدگی کے باوجود قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی حکمرانوں کے تمام تر دعوے اور وعدے جھوٹ کا پلندا ثابت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی روز اول سے کرپشن، جاگیرداری نظام اور مغرب کے غلام حکمرانوں کے خلاف میدان عمل میں برسر پیکار ہے، سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ملک کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بناکر رہیں گے، عوام کرپٹ اور جھوٹے حکمرانوں کے بجائے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کو کامیاب کریں۔