مسجد الحرام کے صحن میں گاڑی داخل، ڈرائیور گرفتار

768

ریاض: سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ المکرمہ کے صحن میں گاڑی لے کر داخل ہونے والے شخص کو سکیورٹی حکام نے مسجد الحرام کے دروازے سے گاڑی ٹکرانے کےبعد گرفتار کر لیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گاڑی سے ٹکرانے کا واقعہ جمعے کی شب مکہ المکرمہ میں پیش آیا تھا اور اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ گاڑی ٹکرانے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات  کے مطابق نامعلوم شخص مسجد الحرام کے صحن میں گاڑی لے کر تیزی سے داخل ہوا جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کاکہنا تھا کہ گاڑی کو مسجد الحرام میں مزید آگے جانے سے روک دیا گیا ہے اور گاڑی کو مسجد کے احاطے سے باہر نکال دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق  یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا تھا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جبکہ  واقعے کی فوٹج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک انتہائی تیز رفتار گاڑی رکاوٹوں کو توڑتی ہوئی مسجد الحرام کے دروازے سے ٹکرا گئی ہے۔

دوسری جانب سرکاری ترجمان کے مطابق گاڑی تیزی سے مسجد الحرام کے صحن میں داخل ہوئی اور دروازے سے ٹکرا گئی تاہم گاڑی کی ٹکر سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ڈرائیور ایک سعودی شہری ہے جو احرام کی حالت میں تھا اس کو سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کرلیا ہے۔

واضح رہے یہ اس طرح کا پہلا واقعہ ہے اور کورونا وبا کے بعد حال ہی میں مکہ المکرمہ اور مدینہ امنورہ کو عمرے اور ریارت کے لئے کھولا گیا ہے اور اس واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کردی گئ ہے۔