بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ، عباس بلوچ

310

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے یوم سیاہ کے موقع پر ڈویژنل کمشنرحیدرآباد محمد عباس بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی شہباز بلڈنگ سے جی پی او آفس ڈیفنس تک نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ ہم کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم اور بربریت کی مذمت کرتے ہیں اورکہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے اور اب بھارت کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت غصب کرنا بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ سب پاکستانی کشمیر کی آزادی تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور ہم سب کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ریلی میں ایڈیشنل کمشنر طاہر علی میمن،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیاقت علی کلہوڑو، اسسٹنٹ کمشنر حیدرآباد (دیہی ) قندیل فاطمہ سمیت ضلع بھر کے تمام محکموں کے افسران، طالب علموں، یوتھ ویلفیئر سوسائٹی حیدرآباد کے عہدیداروں اور سماجی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یوم سیاہ کے سلسلے میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے پریس کلب کے سامنے مظاہرے کیے ، ریلیاں نکالی گئیں جس میں بھارت کے پرچم نذر آتش اور کشمیر کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ کشمیر کمیٹی سندھ کی جانب سے الحاج گلشن الٰہی، عمران سہروردی، غازی صلاح الدین ودیگر کی قیادت میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے میں بھارتی وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش کیا گیا جبکہ تحریک صناف منارٹی ونگ کی جانب سے شام لال،کرشن ٹھاکر، وال جی ٹھاکر، ناز فاطمہ ودیگر کی قیادت میں احتجاجی مطاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہاکہ بھارتی قبضے کو 70سال سے زائد گزر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود اقوام عالم مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ۔انہوںنے کہاکہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموںکو کشمیریوں پر بھارتی مظالم نظر نہیں آتے آج تک اقوام متحدہ کی قرارداد دادوں پر عمل درآمد نہیں کرایا ہے۔ انہوںنے عالمی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا کہ کشمیریون کے ساتھ انصاف کیاجائے۔