نواز شریف کے بیانیے کو بنانے والے ہم ہیں،اختر مینگل

299

لاہور،کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ سابق حکمران جماعتیں لاپتا افراد کے معاملے میںملوث ہوتیں تو آج ہمارے ساتھ کھڑی نہ ہو تیں، پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا تو اسکرین کے ذریعے بتائیں گے دمادم مست قلندر کیسے ہوگا،نواز شریف نے جس بیانیے کو اپنایا ہے اس کو بنانے والے ہم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کی احساس محرومی میںکمی آتی تو حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑتے ،ہم پوچھ رہے تھے 6نکات پر عمل کیوں نہیں ہو رہا ہے، ان میں کون سی ایسی شق ہے جو غیرآئینی اور غیر قانونی ہے،ہمارے نکات میٹرو بس سے مشکل نہیں تھے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت ہوتی تو چینلوں پر پابندی نہ ہوتی، مالکان پابند سلاسل نہیں ہوتے اور صحافی اغوا نہیں ہوتے۔انہوں نے پشاور مدرسے میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی بڑی ناکامی اور کیا ہوسکتی ہے۔