حکومت کا عشق رسول ؐمنانے کا فیصلہ

893

اسلام آباد: حضورؐ کی شان اقدس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسول ؐمنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کابینہ اجلاس میں ہفتہ عشق رسولؐ منانے کی تجویز دی تھی،جس پر وزیر اعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ہفتہ وار عشق رسولؐ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ہفتہ عشق رسول ؐ 12تا18ربیع الاول تک جاری رہے گا،صوبے بھی وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہفتہ عشق رسولؐ منائیں گے۔

فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے حوالے سے عمران خان نے مسلم حکمرانوں کو متحد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے،جس کے لیے وزیر اعظم تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط لکھیں گے،خط میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اتحاد ویکجہتی کی درخواست کی جائے گی،معاملے کی حساسیت اور مسلم امہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچنے پر بات ہوگی۔

عمران خان نے کہاکہ  آزادی اظہار رائے کے نام پر نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کی جائےگی۔