ریاست مدینہ کے دعویدار انصاف کی حکمرانی قائم کریں، محمد جان نعیمی

197

بدین (نمائندہ جسارت) مرکزی جماعت اہلسنت سندھ کے صوبائی امیر مفتی اعظم سندھ مولانا محمد جان نعیمی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار ملک میں انصاف کی حکمرانی قائم کریں کیونکہ عدل و انصاف سے ہی ملک مستحکم ہوگا، عقیدہ ختم نبوتﷺ پر کوئی بھی سودے بازی نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اہلسنت ضلع بدین کے زیر اہتمام مدرسہ فتح الاسلامیہ نعیمیہ فتح آباد میں میلاد مصطفیﷺ کانفرنس اور دستار فضلیت کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مفتی محمد جان نعیمی نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ مہنگائی کا طوفان برپا ہوچکا ہے، ریاست مدینہ کے نام پر عوام کے حقوق غصب کیے جارہے ہیں۔ صوبہ سندھ کو مسائلستان بنا دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دینی درسگاہیں اور مساجد اسلام کے مضبوط قلعے ہیں۔ عالم دین انبیاء کے وارث ہیں، والدین اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کی تربیت کریں۔ مرکزی جماعت اہلسنت سندھ کے جنرل سیکرٹری سید ضمیر حسین شاہ جیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسولﷺ سے محبت تقاضا ایمان ہے۔ عقیدہ ختم نبوتﷺ اسلام کی بنیاد ہے۔ مرکزی جماعت اہلسنت اس پیغام کو عام کرنے کے لیے سندھ بھر میں کانفرنس کا انعقاد کررہی ہے۔ ضیاء اللہ شاہ جیلانی نے کہا کہ خانقاہی نظام کو بڑے پیمانے پر سنوارنے کی ضرورت ہے۔ خانقاہیں رش و ہدایت کا ذریعہ ہیں، جہاں پر دینی درس گاہوں کا قیام لازمی ہے۔ کانفرنس سے مولانا حبیب اللہ نعیمی، صفدر حسین سہروردی، مولانا عالم جت، مفتی احمد صادق بغدادی، پیر عبدالحلیم جان سرہندی، سید محفوظ علی شاہ، عبدالقیوم نعیمی، کریم ڈنو کچھی، خادم حسین نعیمی، مولانا غلام قادر پٹھان و دیگر نے خطاب کیا۔