حکمرانوں کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریں گے، نیشنل لیبر فیڈریشن ، پاکستان

234

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جسارت لیبر فورم کے زیر اہتمام مزدور مسائل اور ان کے حل کے موضوع پر جمعیت الفلاح ہال میں مذاکرہ منعقد ہوا ۔اس موقع پر رفیع اللہ ایڈووکیٹ مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی سینئر مزدور رہنما اور پیپلز لیبر بیورو کے لیڈر حبیب الدین جنیدی تھے جب کہ صدارت نیشنل فیڈریشن پاکستان کے سینئر نائب صدر ظفر خان نے کی۔ اس موقع پر پاکستان اسٹیل کے سینئر مزدور رہنما اور این ایل ایف پاکستان کے مرکزی عہدیدار ظفر خان نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم ایک اچھے انسان تھے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے یونینز کمزور ہورہی ہیں،یونین رہنما آپس میں رابطے میںرہیں،حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے مزدوروں پر ظلم ہورہا ہے، مزدوروں کو تقررنامہ نہیں ملتا، نیشنل لیبر فیڈریشن ملک گیر سطح پر مزدوروں کے مسائل جمع کرکے چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو پیش کرے،مزدوربرادری مزدوروں کے مسائل لکھ کر ہم سے تعاون کریں۔نیشنل ریفائنری کنٹریکٹر ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری اور ایم کیو ایم بہادر آباد کے سینئر رہنما شاکر محمود صدیقی نے کہا کہ نیشنل ریفائنری میں مزدور کی ترقی اس کی برطرفی پر ختم ہوجاتی ہے، بلا امتیاز مزدوروں کی خدمت کرنے کی ضرورت ہے، مزدوروں کو فیکٹری میں Show کیا جائے، مزدوروں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم مزدوروں کے ہمدرد وکیل تھے، مزدور سے اتنی ہی فیس وصول کرتے جتنی وہ ادا کرسکتا ہو۔کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری محبوب الٰہی نے کہا کہ 2005ء میں انتظامیہ نے مجھے ملازمت سے برطرف کرنے کی کوشش کی، میں رفیع اللہ مرحوم کے پاس گیا،انہوں نے فائل دیکھ کر کہا گھبرائو نہیں اوپر اللہ ہے اور نیچے رفیع اللہ ہے، مرحوم نے مقدمے کے نکات بتادیے اور کہا کہ عدالت عظمیٰ میں اپنا مقدمہ خود لڑو، ایک روپے فیس نہیں لی، میں مقدمہ جتنے میں کامیاب رہا، ادارے کی انتظامیہ نے مرحوم کو بڑی رقم کی پیشکش کی لیکن رفیع اللہ نے کہا کہ وہ مزدوروں کے وکیل ہیں، مرحوم ایک ایماندار وکیل تھے، اپنی بیماری کا بھی کسی کو نہیں بتاتے تھے،EOBI کے سابق افسر تعلقات عامہ اسرار ایوبی نے ادارے میں اپنی ٹریڈ یونین خدمات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ EOBI میں ہر مزدور رجسٹرڈ ہوسکتا ہے،اب بھی پنشنرز کی خدمت میں مصروف رہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تقررنامہ نہ ملنے کی وجہ سے مزدور غلامی کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ وفا تنظیم ریٹائرڈ ملازمین سندھ کے صدر احمد سلمان شاہین نے کہا کہ مزدوروں کی خدمت کرنے سے اللہ راضی ہوتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گروپ لائف انشورنس کی رقم ملازمین کو دی جائے۔انہوں نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم مزدور دوست تھے اور سیدھی بات کرتے تھے۔پاکستان اسٹیل لیبر یونین پاسلو کے جنرل سیکرٹری حیدر علی گبول نے کہا کہ مزدور متحد ہوکر مسائل حل کراسکتے ہیں۔پاکستان مشین ٹول فیکٹری ڈیلی ویجز ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری علی اختر بلوچ نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم نفیس انسان تھے،ان جیسا ایماندار آج تک نہیں دیکھا،مرحوم نے ہمارے مقدمات اچھے انداز سے لڑے۔انہوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کرائی۔ واٹر بورڈ پیپلز لیبر یونین کے سیکرٹری اطلاعات امین بلوچ نے کہا کہ مزدوروں کے حالات بہتر کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واٹر بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات ادا کیے جائیں۔NIFT ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری فہیم صابر نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم کا خلا پر ہونا مشکل ہے،میں ان کے پاس مشورے کے لیے گیا تو انہوں نے اچھے مشورے دیے، میں نے پوچھا کتنی فیس دوں جس پر مرحوم نے جواب دیا کہ ذرا سی بات کے لیے رقم دینے کی ضرورت نہیں حالانکہ میں رقم ادا کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے وکیل اب کم ہوتے جارہے ہیں۔سائٹ کے مزدور رہنما اسلم خان فاروقی نے کہا کہ مزدور جن خراب حالات سے گزر رہے ہیں اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے، مزدوروں کے ساتھ زیادتی کب تک ہوتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم رفیع اللہ کے نقش قدم پر چلیں۔ سینئر مزدوررہنما اورایبٹ پاکستان ایمپلائز یونین کے سابق چیئرمین سرتاج ندیم نے کہا کہ کورونا وائرس سے مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں۔ پاکستان ریلوے کے مزدور رہنما مقدر زمان نے کہا کہ حکومت ریلوے کے مزدور مسائل حل کرے۔ پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر اور سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے رفیع اللہ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا انسان دنیا سے چلا گیا، مرحوم نے ساری زندگی مزدوروں کی بے لوث خدمت کی، ٹریڈ یونین اچھے لوگوں کو فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بڑی تعداد میں مزدور بیروزگار ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حالات بہتر کرنے کے لیے بلا امتیاز کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کے ادارے محنت کشوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مزدور برادری جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرے۔ روزنامہ جسارت کے قاضی سراج نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم دلیل ہونے کے باوجود لیکچر دینے کے لیے الفلاح ہال میں آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مزدور دوست رہنمائوں کو دہشت گردی کے الزام میں قید کرادیتی ہے،NIFT کی انتظایہ نے فہیم صابر پر دہشت گردی کا مقدمہ بنوا د یا ۔نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے رہنما سید حسن علی نے سوشل میڈیا کی اہمیت اجاگر کی۔