بدین : پولیس کا شراب کی دو بھٹیوں پر چھاپا ، 6 گرفتار

307

بدین(نمائندہ جسارت)بدین پولیس نے 2 کچی شراب کی بھٹیوں سمیت دیگر مقامات پر کارروائیاں کر کے 398 لیٹرز کچی شراب 15750 مضر صحت انڈین سفینہ گٹکے، 950 گرام چرس، 220 گرام افیم اور ایک سوزوکی برآمد کر کے 6 ملزمان گرفتار کر لیے۔ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار کی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں ایس ایچ او ٹنڈو غلام علی انسپکٹر محمد نواز سرائی نے پولیس کے ہمراہ دورانِ گشت کارروائی کر کے سفینہ ڈیلرز سلطان خاصخیلی اور فرحان علی میمن کو سوزوکی سمیت گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 15750 مضر صحت انڈین سفینہ گٹکے برآمد کر کے ملزمان کے خلاف تھانہ ٹنڈو غلام علی پر مقدمہ درج کر لیا۔ایس ایچ او تھانہ نندو سب انسپکٹر میر محمد گاڈھی نے نندو کے قریب کچی شراب کی بھٹی پر چھاپا مار کر 268 لیٹرز کچی شراب برآمد کر کے بھٹی کے مالک مختار علی ملاح گرفتار کر کے مقدمہ درج لیا۔ایس ایچ او تھانہ پنگریو انسپکٹر غلام قادر سرکی نے کچی شراب کی بھٹی پر چھاپا مار کر 130 لیٹرز کچی شراب برآمد کر کے 2 ملزمان ساجد لغاری اور جیسو کولھی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ کھورواہ سب انسپکٹر اللہ ڈنو پنھور نے دورانِ گشت کارروائی کر کے بدنام زمانہ چرس فروش ملزم محرم عرف مارو خاصخیلی کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 950 گرام چرس اور 220 گرام افیم برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ کھورواہ پر نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔