مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت نواز شیخ عبداللہ کے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں، فاروق حیدر

278

مظفرآباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام شیخ عبداللہ کے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں ، فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے بھارت کی گود میں بیٹھ کر کشمیریوں کے قتل عام اور ان پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم میں بھارت کا ساتھ دیا۔ مودی کے گزشتہ برس 5 اگست کے اقدامات کے بعد ان کٹھ پتلیوں کو منہ کی کھانی پڑی اور شرمندگی کی صورتحال سے دوچار ہوئے ،اب کٹھ پتلی سیاستدان اپنی بقاء کی کوشش کررہے ہیں۔ کشمیریوں نے اپنی حق خودارادیت کے لیے انسانی تاریخ کی ایک منفرد جدوجہد کی ہے اور اس میں کشمیریوں کے 3 نسلوں کا خون شامل ہے ۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ قائد اعظم نے شیخ عبداللہ سے کہا تھا کہ کانگرس تمہیں دھوکا دیگی پھر جب کانگرس نے شیخ عبداللہ کی حکومت ختم کر کے ایمرجنسی لگائی تھی تو اسے سمجھ آگئی تھی، اگر شیخ عبداللہ اس وقت غلط فیصلے نہ کرتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی ، نہرو نے جس طرح شیخ عبداللہ کو پھنسایا آج کشمیری اس کی وجہ سے بھارتی فوج کے چنگل میں پھنس چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کی انتہاء کر دی ہے اور سیز فائر لائن پر آباد شہریوں پر بھی گولیاں برسا کر دہشت گردی کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہم مایوس نہیں ہیں ،ناامید بھی نہیں ہیں انشا اللہ شہدا کشمیر کا لہو رنگ لائے گا بھارت کشمیر سے نکلے گا ۔