حکمراں جماعتیں عوام کے معاشی قتل کی ذمے دار ہیں، پاسبان

72

کراچی(صباح نیوز)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ پی پی پی،مسلم لیگ (ن)،ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی عوام کے معاشی قتل کی ذمے دار ہیں۔ آئی ایم ایف اورورلڈ بینک کے قرضے کرپٹ حکمران اور سیاستدان ڈکار چکے ہیں، خمیازہ عوام کو مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن کی ہوا اداروں کوبھی لگ چکی ہے۔ محکمہ بجلی کے ساتھ اب محکمہ گیس بھی مافیا بن گئی ہے۔ صارفین کو اضافی بلز کا اجرا عوام کی جیبوں پر ڈاکاہے۔انہوں نے کہاکہ عوام گزشتہ 30سال سے مسلسل بدحالی کا شکار ہیں۔ آنے والا ہر حکمران بیرونی قرضے لیکر خوشحال ہوکر چلاجاتا ہے، اگر ان حکمرانوں کو عوام سے ہمدردی ہوتی تو یہ کبھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرضہ نہیں لیتے بلکہ اپنے وسائل سے ہی ملک چلاتے اور عوام کی خوشحالی کے لیے شاہانہ تنخواہیں اور مراعات لینے سے انکار کردیتے۔