جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جدید حکمت عملی اپنائی جائے ، ڈاکٹر جمیل احمد

109

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ تاجر برادری اور سماجی کارکن معاشرے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بہترین کمیونٹی پولیسنگ سے پولیس کا وقار بلند ہوا ہے۔ وہ اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آئے ہوئے حیدر آباد کی معروف سماجی شخصیت و حیدر آباد تاجر اتحاد کے سیکرٹری اطلاعات اسلم خان دیسوالی سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر اسلم خان دیسوالی نے ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد کو سندھ کا تحفہ اجرک اور پھول پیش کیے۔ گفتگو کے دوران سماجی شخصیت و بزنس مین اسلم خان دیسوالی نے حیدر آباد ریجن میں ڈاکٹر جمیل احمد کے بطور ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ریجن تعیناتی کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعیناتی سے تاحال ایک ماہ کے دوران بہترین کمیونٹی پولیسنگ قابل تعریف عمل ہے۔ اسلم دیسوالی نے جرائم کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کاوشوں و اقدامات کو سراہا اور بعض اہم مسائل پر توجہ دلائی۔ ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے مزید کہا کہ حیدر آباد ریجن میں ناصرف منفرد و مثالی کمیونٹی پولیسنگ کررہے ہیں بلکہ ہر طبقہ فکر کو قریب لا کر مجرموں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ جرائم پیشہ کیخلاف جدید حکمت عملی سے نمٹا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں پورے حیدر آباد ریجن کے تمام افسران کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔